بھٹکل:23/ جولائی(ایس او نیوز)تعلقہ کے ہیبلے گرام پنچایت حدود کی سرکاری ہاڑی زمین (سروے نمبر 403)پر اتی کرم کے ذریعے تعمیر کردہ گھر کو جے سی بی کے ذریعے منہدم کیا گیا، مگر گھرپر رہنے والی غریب خاتون کا کہنا ہے کہ ان کا سروے نمبر 403 نہیں ہے بلکہ مکان سروے نمبر 405 پر تعمیر کیا گیا تھا۔
اعلیٰ افسران کے حکم پر کارروائی کرتے ہوئے تحصیلدار وی این باڈکر کی قیادت میں افسران نےجائے وقوع پر پہنچتے ہی آس پا س کے لوگ جمع ہوکر کارروائی کی سخت مخالفت کی۔ عوامی اپیل کا انکار کرتے ہوئے افسران آگے بڑھے تو گھروالوں نے اپنے گھر کا سامان نکال لیا۔ اس کے بعد جے سی بی کے ذریعے گھر کو منہدم کیا گیا ۔ اس سلسلے میں گھر کی مالکن بی بی حلیمہ خاتون نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ ہم لوگ ہاڑی زمین سروے نمبر 405پر رہائش پذیر ہیں، لیکن افسران نے سروے نمبر 403کی زمین کے نام نوٹس جاری کر تے ہوئے کارروائی کی ہے۔
اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بی بی حلیمہ خاتون نے بتایا کہ اُنہیں کل یعنی جمعہ کو تحصیلدار کی جانب سے نوٹس موصول ہوئی تھی جس میں سروے نمبر 403 کو خالی کرنے کے لئے کہا گیا تھا ، حلیمہ خاتون کے مطابق اُس نے یہ زمین چار سال قبل 8.40 لاکھ روپیوں میں خریدا تھا اور گذشتہ ایک سال سے اس مکان میں رہ رہے تھے۔ موسلادھار بارش میں بھیگتی ہوئی یہ خاتون اپنی پریشانی بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس جگہ کے علاوہ اس کے پاس کوئی اور جگہ نہیں ہے، حلیمہ نے اپنے چار بچوں کے ساتھ اپنا دکھڑا سناتے ہوئے الزام لگایا کہ امیروں کے لئے ایک قانون ہے تو غریبوں کو الگ قانون ہے۔
اس موقع پر خاتون نے تحصیلدار کے سامنے اپنا احتجاج درج کرتے ہوئے بتایا کہ علاقہ میں زیادہ تر مکانات ہاڈی زمینات پر تعمیرکی گئی ہے اور اکثر غیرقانونی ہیں، مگر اُنہیں ایک مسلمان ہونے کی بنائ پر بے گھر کیا جارہا ہے۔ اس خاتون کے مطابق پورے علاقہ میں زیادہ تر غیر مسلم آباد ہیں اور غیر قانونی طور پر رہنے والے کسی بھی غیر مسلم مکان کو ہاتھ نہیں لگایا جارہا ہے۔
اخبارنویسوں کی جانب سے جب تحصیلدار باڈکرسے پوچھا گیا کہ آپ کی جانب سے جو نوٹس جاری کی گئی ہے، اُس میں سروے نمبر 403 درج ہے اور خاتون کے پاس موجود زمین کے کاغذات میں سروے نمبر 405 درج کیا گیا ہے تو تحصیلدار نے اُلٹا سوال پوچھا کہ کیا یہ مکان غیر قانونی اور سرکاری زمین پر تعمیر نہیں کیا گیا ہے ؟ جب اُن کو بتایا گیا کہ یہ مکان یقینا غیر قانونی ہوگا مگرآپ نے 403 کہہ کر سروے نمبر 405 کے مکان کو منہدم کیا ہے توکیا سروے نمبر 403 کا مکان بھی آپ منہدم کریں گے اور وہ کب کریں گے تو اُن کا ایک ہی جواب تھا کہ ہم نے قانون کے مطابق کارروائی کی ہے۔ بھٹکل شہری تھانہ ایس آئی ریوتی ، دیہی تھانہ ایس آئی منجپا کی قیادت میں پولس کا نہایت سخت بندوبست کیا گیا تھا۔ اس موقع پرتحصیلدار کی جانب سے ایمبولنس بھی منگوائی گئی تھی۔